Monday, 17 July 2017

" Ashak e Rawaa Nahi Hain Muhabbat K Phool Hain "A Beautiful Urdu Poetry By Saghar Siddiqui

اشک رواں نہیں ہیں ندامت کے پھول ہیں
روٹھے ہوئے بہار سے رحمت کے پھول ہیں

ہیں داغ ہائے دل کی شباہت لیے ہوئے
شاید یہی وہ باغ محبت کے پھول ہیں

ڈسنے لگی ہیں شاخ تمنا کی کونپلیں
رسوائیوں کے خار معیشت کے پھول ہیں

رقصاں ہیں رنگ رنگ خیابان زندگی
پنہاں کہانیوں میں حقیقت کے پھول ہیں

دیوانگان کاکل ساقی سے مانگیئے
وحشت کی وادیوں میں فراست کے پھول ہیں

ایوان گل فشاں کے مکینو ذرا سنو
ان جھونپڑوں میں بھی کہیں فطرت کے پھول ہیں

کہتے ہوئے سنے ہیں سخن آشنائے وقت
ساغر کے شعر بزم لطافت کے پھول ہیں

No comments:

Post a Comment

Related Posts Plugin for WordPress, Blogger...